سوات ایکسپریس وے پر اسماعیلہ کے قریب ایک افسوسناک اور خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں مسافر وین اور کھڑی بس کے درمیان ٹکر کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر وین تیز رفتاری کے باعث سڑک کنارے کھڑی بس کے پیچھے جا ٹکرائی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق بس پہلے سے سائیڈ پر پارک تھی، جبکہ وین ڈرائیور مبینہ طور پر غفلت کا شکار تھا، جس کے باعث یہ جان لیوا حادثہ پیش آیا۔موٹروے پولیس نے ابتدائی رپورٹ میں بتایا ہے کہ وین سیدھا کھڑی بس کے عقب میں آ کر لگی، جس کے نتیجے میں وین میں موجود مسافر شدید زخمی ہوئے اور کئی افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ حادثے کی شدت کے باعث گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو قریبی مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
بس کراچی سے بونیر جا رہی تھی جبکہ حادثے کا شکار ہونے والی وین راولپنڈی سے دیر جا رہی تھی۔ حادثے کے بعد ایکسپریس وے پر ٹریفک بھی متاثر ہوئی تاہم بعد میں بحال کر دی گئی۔حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ابتدائی طور پر ڈرائیور کی غفلت اور تیز رفتاری کو ممکنہ سبب قرار دیا جا رہا ہے۔ مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔