سوات ایکسپریس وے پر کاٹلنگ کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں موٹر وے پولیس کے ایک اہلکار اور ایک کم عمر بچی جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے سب انسپکٹر نظام الدین اور سب انسپکٹر اکبر علی معمول کی اسپیڈ انفورسمنٹ ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔ اسی دوران ایک تیز رفتار کار نے موٹر وے پولیس کی گاڑی کو ٹکر مار دی۔ٹکر کے نتیجے میں پولیس کی گاڑی بے قابو ہو کر سڑک کنارے موجود برساتی نالے میں جا گری۔ حادثے میں سب انسپکٹر نظام الدین شدید زخمی ہونے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ سب انسپکٹر اکبر علی اور ایک فائن کولیکشن اہلکار شدید زخمی ہوئے۔دوسری جانب حادثے کا شکار ہونے والی کار میں سوار ایک بچی بھی جاں بحق ہوگئی، جبکہ اس کے والدین سمیت دیگر افراد زخمی ہوئے۔
حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر تمام زخمیوں کو فوری طور پر مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ حادثہ کار ڈرائیور کی مبینہ غفلت اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔