مری کے علاقے کھجٹ میں سیاحوں کو لے جانے والی ایک وین کو پیش آنے والے خوفناک حادثے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہو گئے۔
حادثے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور ریسکیو اداروں نے فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار وین بے قابو ہو کر سڑک کنارے موجود حفاظتی دیوار سے ٹکرا گئی۔ شدید تصادم کے نتیجے میں گاڑی کے انجن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری وین کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔حکام کے مطابق حادثے میں جانی نقصان بڑھنے کی ایک بڑی وجہ وین کا سلائیڈنگ دروازہ نہ کھلنا تھا، جس کے باعث کئی مسافر گاڑی کے اندر ہی پھنس گئے اور بروقت باہر نہ نکل سکے۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے فوراً بعد لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت مسافروں کو نکالنے کی کوشش کی، تاہم آگ بہت تیزی سے پھیل گئی تھی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ڈی پی او محمد رضا کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ دیگر ممکنہ وجوہات کا بھی تعین کیا جا سکے۔حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشیں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزمنتقل کر دی گئی ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق اب تک چار لاشیں پمز اسپتال لائی جا چکی ہیں جبکہ باقی متاثرین کی منتقلی اور شناخت کا عمل جاری ہے۔واقعے کے بعد مری اور گردونواح میں افسوس کی فضا قائم ہے جبکہ حکام نے سیاحتی علاقوں میں ٹرانسپورٹ کی فٹنس اور ڈرائیورز کی رفتار پر سخت نگرانی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔