بھارت اور افغانستان میں موجود پاکستان دشمن عناصر دہشت گردی کی سرپرستی کر رہے ہیں: محمد حنیف عباسی
اسلام آباد(آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ،وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی اور پی پی رہنما ڈاکٹر مہرین بھٹو نے کوئٹہ میں ٹرین پر دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ بھارت اور افغانستان میں موجود پاکستان دشمن عناصر دہشت گردی کی سرپرستی کر رہے ہیں۔ڈاکٹرمہرین بھٹو نے کہا کہ دہشتگرد عناصر پاکستان کے امن کو نقصان نہیں پہنچا سکتے، پوری قوم متحد ہے۔ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن عناصر پاکستان کے عوام کو نقصان پہنچانے کے ساتھ پاکستان کی عالمی امن کاوشوں سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔صدر نے کہا کہ دنیا دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کا اصل چہرہ دیکھے کہ وہ کس طرح پاکستان کی عالمی امن کی کوششوں کو متاثر کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے کہ پاکستان دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں، مالی معاونت کرنے والوں اور محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے والوں کو شکست دے گا۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چمن پھاٹک کے قریب دھماکے کی شدید مذمت اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا اور کہا کہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں،دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ایک بیان میں حنیف عباسی نے کہا کہ واقعہ بزدلانہ دہشت گردی، ایسے حملے قومی عزم کو کمزور نہیں کر سکتے‘بھارت اور افغانستان میں موجود پاکستان دشمن عناصر دہشت گردی کی سرپرستی کر رہے ہیں‘دشمن قوتیں پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے لیے مذموم کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ وزیرِ ریلوے نے کہا کہ بھارت اور افغانستان سے چلنے والے دہشت گرد نیٹ ورکس کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔کوئٹہ کینٹ سے آنے والی شٹل ٹرین چمن پھاٹک کے قریب دھماکے کی زد میں آئی۔دھماکے کے نتیجے میں انجن سمیت تین کوچز پٹری سے اتر گئیں جبکہ دو کوچز الٹ گئیں۔سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔امدادی کارروائیوں کے لیے ریسکیو ٹرک اور ریلیف ٹرین جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئیں۔حنیف عباسی نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت اور ملک کے دشمن ہیں اور انہیں عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔پاکستان ریلوے کی آپریشنل سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔وفاقی وزیر ریلوے نے انتظامیہ کو واقعے کی فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔پی پی رہنما ڈاکٹرمہرین بھٹو نے کہا کہ دہشتگرد عناصر پاکستان کے امن کو نقصان نہیں پہنچا سکتے، پوری قوم متحد ہے،دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں، ایسے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی،پاکستان ہمیشہ زندہ باد، امن دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔