بزدلانہ کارروائیاں پاکستانی قوم کو مزید متحد کرتی ہیں:حنیف عباسی

 دہشتگردوں کا کسی مذہب یا قوم سے کوئی تعلق نہیں ‘ اپنے مذموم مقاصد میں  کامیاب نہیں ہوں گے
 وزیر ریلوے کا پمز اور پولی کلینک ہسپتالوں کا دورہ، زخمیوں کی عیادت اوران کے بلند حوصلوں کو سراہا
اسلام آباد(آن لائن) وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے خودکش دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے لیے پمز اور پولی کلینک ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے زیر علاج زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور ان کے حوصلے بلند کیے۔وفاقی وزیر نے دھماکے میں زخمی ہونے والے نمازیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں مکمل صحت عطا فرمائے۔ حنیف عباسی نے کہا کہ دہشتگردی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتی اور بزدلانہ کارروائیاں پاکستانی قوم کو مزید متحد کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کا کسی مذہب یا قوم سے کوئی تعلق نہیں اور وہ اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔