پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدوجہد اور لازوال قربانیوں کا ثمر ہے:سپیکر قومی اسمبلی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اگست قومی ذمہ داریوں اور ملکی ترقی و خوشحالی کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدوجہد اور لازوال قربانیوں کا ثمر ہے، ہمارے اسلاف نے آزاد وطن کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔ یومِ آزادی ہمیں اپنی تاریخ سے وابستگی، قومی ذمہ داریوں کے احساس اور مستقبل کے لیے اجتماعی عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ذاتی، سیاسی، لسانی اور علاقائی اختلافات سے بالاتر ہوکر قومی مفاد کو مقدم رکھنا ہوگا، جبکہ قومی یکجہتی، باہمی برداشت، جمہوری تسلسل، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی ہی پاکستان کو پائیدار ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے۔