بزدلانہ حملے دہشتگردی کے خطرے سے نمٹنے کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے اسحاق ڈار

یہ حملے ہمیں یقین دلاتے ہیں امن اور سلامتی کیلئے  صرف بات چیت، سمجھ بوجھ اور تعاون ہی صحیح راستہ ہے ، ہر قسم کے  حملوں کی  مذمت کرتے ہیں
 پاکستان اس خطرے کے خلاف  مضبوط محافظ رہا ہے جو کسی سرحد، مذہب، جنس، نسل یا قومیت کو تسلیم نہیں کرتا: انٹر پارلیمانی سپیکرز کانفرنس سے خطاب 
اسلام آباد(آئی  این پی )وزیرِ خارجہ اور نائب وزیرِ اعظم محمد اسحاق  ڈار نے کہا ہے  دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں کبھی بھی پاکستان کے اس خطرے سے نمٹنے کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔اسلام آباد میں 2 روزہ انٹر پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے وفاقی دارالحکومت میں خودکش دھماکے اور وانا میں کیڈٹ کالج پر حملے کا ذکر بھی کیا۔انہوں نے کہا  میں واضح کر دوں، یہ بزدلانہ کارروائیاں ہمارے قومی عزم کو کبھی بھی لرزا براندام یا کمزور نہیں کر سکتیں کہ ہم اس خطرے (ہشت گردی) سے نمٹیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ حملے ہمیں کمزور نہیں کر سکتے بلکہ ہمیں مزید یقین دلاتے ہیں کہ امن اور سلامتی کیلئے  صرف بات چیت، سمجھ بوجھ اور تعاون ہی صحیح راستہ ہے۔ دہشت گردی ہمارے دور کے بڑے عالمی چیلنجز میں سے ایک ہے، اور زور دیا کہ پاکستان اس خطرے کے خلاف ایک مضبوط محافظ رہا ہے جو کسی سرحد، مذہب، جنس، نسل یا قومیت کو تسلیم نہیں کرتا۔