آوارہ کتوں کی تلفی یقینی بنانے کا حکم

 آوارہ کتے ، کھلے مین ہولز سنگین خطرہ ہیں ، اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی قابلِ قبول نہیں:زاہد اختر زمان 
 لاہور ( خصوصی رپورٹ) صوبہ کے مختلف اضلاع میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات اور کھلے مین ہولز کے باعث پیش آنے والے حادثات پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ سول سیکرٹریٹ میں چیف سیکرٹری کی زیرِ صدارت ڈویڑنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کا ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا، جس میں ’ستھرا پنجاب‘ پروگرام، سڑکوں پر موجود گڑھوں کے خاتمے اور شہروں کی خوبصورتی کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ آوارہ کتے اور کھلے مین ہولز انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں اور اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ان مسائل پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔چیف سیکرٹری نے واضح کیا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کا تحفظ ہے ، غفلت کے مرتکب افسران اور اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری نے اضلاع میں قائم پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹیز (پی ایچ اے) اور واسا کو فوری طور پر مکمل فعال بنانے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے اضلاع میں پی ایچ ایز کے لیے درکار انسانی وسائل اور فنڈز سے متعلق جامع منصوبہ دو روز کے اندر پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔ سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس، ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے اور دیگر متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے، جبکہ سیکرٹری ہا ئوسنگ، تمام ڈویڑنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شامل تھے