لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے 16ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے مقدمے میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت کے خلاف درخواست پر سماعت کی، درخواست ایڈووکیٹ وشال احمد شاکر نے سینئر قانون دان عامر سعید راں کی وساطت سے دائر کی۔دوران سماعت چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کس طرح متاثرہ فریق ہیں، کوئی بھی چار پانچ سالوں بعد آئے اور فیصلوں کو چیلنج کر دے، آپ سمجھتے ہیں ہم کوئی نیا قانون بنا دیں، یہ عوامی مفاد کا کیس نہیں ہے، رجسٹرار آفس نے درخواست گزار کے متاثرہ فریق نہ ہونے کا اعتراض عائد کیا تھا آپ اس مقدمے میں کیسے فریق ہیں؟۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ اس مقدمے کو اتنا عرصہ گزر گیا اور آپ آج عدالت آگئے ہیں؟ ۔عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراض کو برقرار رکھتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔