سندھ کابینہ کا کفایت شعاری اقدام: ورک فرام ہوم اور 3 ماہ کی تنخواہ معطل

سندھ کابینہ کا کفایت شعاری اقدام: ورک فرام ہوم اور 3 ماہ کی تنخواہ معطل

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ وفاقی حکومت کے تمام فیصلوں پر عمل کر رہی ہے اور مزید اہم فیصلے کیے جا رہے ہیں تاکہ موجودہ صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

شرجیل میمن نے کفایت شعاری کے متعدد اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایندھن کی کمی روکنے کے لیے وفاقی حکومت کے فیصلوں پر سندھ حکومت ہر سطح پر عمل کرے گی۔ موجودہ حالات کے پیش نظر سندھ کابینہ نے تین ماہ کی تنخواہ نہ لینے اور جمعہ کے روز ورک فرام ہوم کے فیصلے کیے ہیں تاکہ ایندھن کی بچت ممکن ہو سکے۔انہوں نے بتایا کہ سرکاری گاڑیوں کی بڑی تعداد کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر ممکن ہو تو گھروں سے کام کریں، کیونکہ یہ مسئلہ صرف کسی ایک فرد کا نہیں بلکہ سب کا مشترکہ چیلنج ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت عوامی ضروریات اور ایندھن کے ذخائر کو محفوظ بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے، اور اگر وفاقی حکومت مزید تعاون طلب کرے تو سندھ حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنا اور ایندھن کی کمی کو روکنا ہے، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔