امریکا-ایران مذاکرات: وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی ہائی الرٹ، ملازمین کو ورک فرام ہوم کی ہدایت

امریکا-ایران مذاکرات: وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی ہائی الرٹ، ملازمین کو ورک فرام ہوم کی ہدایت

اسلام آباد اور راولپنڈی میں امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج، پاکستان رینجرز، اسلام آباد اور پنجاب پولیس کے اہلکار اہم مقامات پر تعینات کر دیے گئے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت کا ریڈ زون ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔انتظامیہ نے شہریوں کو متبادل ٹریفک پلان اپنانے کی ہدایت دی ہے جبکہ شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ میٹرو بس سروس اسلام آباد-راولپنڈی بھی سکیورٹی صورتحال کے باعث معطل کر دی گئی ہے۔

راولپنڈی کے اہم مقامات فیض آباد، پیرودھائی اور 26 نمبر چونگی کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ صورتحال کے باعث سرکاری دفاتر کے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ تعلیمی اداروں میں کلاسز آن لائن منتقل کر دی گئی ہیں۔عدالتی نظام بھی متاثر ہوا ہے، جہاں وفاقی آئینی عدالت کی کارروائی معطل کر دی گئی اور اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھی عارضی طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔