سندھ حکومت نے کفایت شعاری پالیسی کے تحت صوبے بھر میں مارکیٹس، دکانوں، ہوٹلز اور شادی ہالز کے نئے اوقات کار نافذ کر دیے ہیں، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے علاوہ تمام اضلاع میں دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنا لازمی ہوگا۔ یہ احکامات ہفتے کے ساتوں دن نافذ العمل رہیں گے۔حکومتی اعلامیے کے مطابق اس فیصلے کا مقصد توانائی کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کو فروغ دینا ہے۔تاہم کچھ ضروری سروسز اور شعبے اس پابندی سے مستثنیٰ رکھے گئے ہیں، جن میں تندور، دودھ کی دکانیں، بیکریز، میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، کلینکس، اسپتال اور پیٹرول پمپس شامل ہیں۔حکام کے مطابق شادی ہالز اور دیگر تقریبات کے لیے بھی نئے اوقات کار پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا تاکہ صوبے میں مجموعی طور پر توانائی کے استعمال میں کمی لائی جا سکے۔