محکمہ ہائی وے نے صوبہ بھر کے تمام مینول ٹول پلازوں کو ڈیجیٹل کرنے کا اہم فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد اوورچارجنگ اور کرپشن کا خاتمہ کرتے ہوئے ٹول ٹیکس کی وصولی میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔
یہ فیصلہ صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں ٹول پلازوں کی ڈیجیٹلائزیشن کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف، اسپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری، چیف انجینئرز اور ایکسین سمیت دیگر افسران شریک ہوئے جبکہ بعض افسران نے آن لائن اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی وزیر کے مطابق محکمہ ہائی وے کے زیر انتظام 41 ٹول پلازوں کو مرحلہ وار ڈیجیٹل کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ٹول پلازوں پر کیش کلیکشن کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ڈیش بورڈ کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔ملک صہیب احمد بھرتھ نے واضح ہدایت دی کہ ٹول پلازوں پر اوورچارجنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے اوورچارجنگ کی شکایات پر فیلڈ فارمیشن کے افسران کی سرزنش کرتے ہوئے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن اور مقدمات کے اندراج کا حکم دیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ تمام ٹول پلازوں پر ایم ٹیگ کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری اور ٹول ٹیکس کی وصولی میں شفافیت ممکن ہو سکے گی۔صوبائی وزیر کے مطابق ٹول پلازوں کے انفراسٹرکچر کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور نظام میں مکمل شفافیت لائی جا سکے۔