پاسدارانِ انقلاب کے انٹیلی جنس کے 2 ہیڈکوارٹرز ‘ ایرانی وزارتِ انٹیلی جنس کے ایک ہیڈکوارٹر‘ ایرانی ہتھیاروں کے ذخائر کو نشانہ بنایا گیا‘ فضائی کارروائی میں شمالی اور وسطی ایران میں 50 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا
ایران نے اسرائیل کے شہروں ایلات، دیمونا اور شمالی تل ابیب سمیت مختلف اہداف پر ملٹی وارہیڈ میزائل اور ڈرونز سے حملے کئے‘ عماد اور قدر میزائل استعمال کئے گئے ‘ خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا گیا
جنگ کا مکمل خاتمہ‘ دوبارہ شروع نہ ہونے کی ضمانت دی جائے‘ خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے بند‘جنگی نقصانات کاہرجانہ دیا جائے‘ ‘آبنائے ہرمز کیلئے نیا نظام نافذ ‘ایران مخالف میڈیا سرگرمیوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے:ایرانی شرائط
تہران، مقبوضہ بیت المقدس، واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک‘آئی این پی) مشرق وسطیٰ میں جنگ کو 25 روز ہوگئے، اسرائیل نے ٹرمپ کا حملے مؤخر کرنے کا فیصلہ نظرانداز کرتے ہوئے ایران پر حملے جاری رکھنے کا اعلان کیا، جواب میں ایران نے اسرائیل اور امریکی اڈوں پر ملٹی وار ہیڈ میزائل داغ دیے۔پاسداران انقلاب نے کہا ہے آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت حملوں کی نئی لہر کا آغاز کردیا، 78ویں لہر کے دوران خطے میں امریکی اہداف اور اسرائیل کو نشانہ بنایا گیا، ایلات، دیمونا اور شمالی تل ابیب سمیت مختلف اہداف پر ملٹی وارہیڈ میزائل اور ڈرونز کے ذریعے حملے کیے گئے۔پاسداران انقلاب کے مطابق ان کارروائیوں میں عماد اور قدر میزائل استعمال کیے گئے جبکہ خطے میں امریکی فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، اب تک پاسداران انقلاب کی زیادہ تر جنگی یونٹس اور بسیج فورسز کو مکمل طور پر میدان میں نہیں اتارا گیا، تاہم ضرورت پڑنے پر انہیں بھی شامل کیا جائے گا۔قبل ازیں اسرائیلی وزیراعظم کا امریکی صدر سے ٹیلیفونک گفتگو کے بعد میڈیا پر پیغام میں کہنا تھا کہ ڈیل ہونے تک ایران اور حزب اللہ پر حملے جاری رکھیں گے۔یتن یاہو نے کہا کہ امریکا اور ایران امن بات چیت کرتے ہیں تو اسرائیل اپنے مفادات کا تحفظ کرے گا، صدر ٹرمپ سمجھتے ہیں جنگ کے تمام مقاصد معاہدے سے حاصل کیے جاسکتے ہیں، ایسا معاہدہ ہمارے مفادات کا تحفظ کرے گا۔اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے ایران پر ایک بڑا فضائی حملہ کیا ہے جس میں ملک کے مختلف علاقوں میں اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا، پاسدارانِ انقلاب کے انٹیلیجنس کے 2 ہیڈکوارٹرز اور ایرانی وزارتِ انٹیلیجنس کے ایک ہیڈکوارٹر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔مزید کہا گیا کہ ایرانی ہتھیاروں کے ذخائر اور فضائی دفاعی نظام کے مقامات پر بھی حملے کیے گئے، اس فضائی کارروائی میں شمالی اور وسطی ایران میں 50 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ ایرانی میزائیل حملے میں بال بال بچ گئے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی صدر شمالی اسرائیل میں موجود تھے جب پہاڑی پر میزائل گرا، اسرائیلی صدر شمونہ کریات میں نیوز کانفرنس کررہے تھے۔دریں اثناء ایران نے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے 6 اہم اسٹریٹجک شرائط پیش کر دی ہیں، جنہیں ایک نئے قانونی اور سکیورٹی فریم ورک کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق ایک سینیئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مختلف علاقائی ممالک اور ثالثوں نے ایران کو جنگ بندی کے حوالے سے تجاویز دی ہیں، جس کے جواب میں ایران نے اپنی شرائط سامنے رکھ دی ہیں۔اہلکار کے مطابق سب سے پہلی شرط یہ ہے کہ جنگ دوبارہ شروع نہ ہونے کی واضح اور قابلِ عمل ضمانت دی جائے۔ دوسری شرط خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کی بندش ہے، جبکہ تیسری شرط میں جارح قوتوں کو پیچھے ہٹانے اور ایران کو جنگی نقصانات کا ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ شامل ہے۔چوتھی شرط کے تحت ایران نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام علاقائی محاذوں پر جنگ کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔ پانچویں شرط آبنائے ہرمز کے لیے ایک نیا قانونی نظام نافذ کرنا ہے، جبکہ چھٹی شرط ایران مخالف میڈیا سرگرمیوں کے خلاف قانونی کارروائی اور ان عناصر کو ملک بدر کرنا ہے