کئی اسرائیلی شہروں میں زوردار دھماکے سنائی دیئے‘اسرائیلی عوام نے ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد سب سے طویل وقت پناہ گاہوں میں گزارا :اسرائیلی میڈیا
اسرائیل کا ایران کے 6 ایئرپورٹس پر حملہ‘رن ویز، بنکرز، ایندھن بھرنے والا طیارہ ‘ ایرانی حکومت کے زیرِ استعمال ایف-14، ایف-5 اور اے ایچ ون طیاروں کو نقصان پہنچانے کا دعوی
تہران (آئی این پی )ایران نے صہیونی حملوں کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر کئی میزائل داغے دئیے جس کے بعد جنوبی اسرائیل میں ایک میزائل نے پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، کئی اسرائیلی شہروں میں دھماکے سنے گئے ،دوسری جانب امریکا کے بعد اسرائیل نے بھی فردو ایٹمی پلانٹ پر حملہ کردیا،فردو ایٹمی پلانٹ میں دھماکے سنے گئے ہیں۔الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل الیکٹرک کارپوریشن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایک اسٹریٹجک انفرااسٹرکچر کے قریب میزائل گرا ہے، جس کے نتیجے میں کئی قصبات میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔حملے کے دوران تقریبا 35 منٹ تک سائرن بجتے رہے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی عوام نے ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد آج سب سے طویل وقت پناہ گاہوں میں گزارا ہے۔اسرائیلی فوج ایکس پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل کی جانب میزائل داغے ہیں، اسرائیلی میڈیا کے مطابق نہاریا، گشر حزیو، حیلا، میعونا اور میعیلیا سمیت کئی شہروں میں سائرن بجنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کے اوپر ایک میزائل کو بلند فضا میں اڑتے دیکھا گیا، جس کے بعد فاصلے پر متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک کم از کم 4 مقامات پر میزائل گرنے کی تصدیق ہو چکی ہے‘اسرائیل ایران کے مغربی، مشرقی اور وسطی علاقوں میں واقع کم از کم 6 ہوائی اڈوں پر فضائی حملوں کا دعوی کیا ہے جبکہ ایرانی فوج صوبہ لورستان میں جدید اسرائیلی ڈرون مار گرایا، ایرانی صوبہ کرمانشاہ کے شہر ہمیل میں ایک اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک ایرانی ماں اور اس کا چھ سالہ بیٹا شہید ہوگئے،ایران کی جانب سے بھی اسرائیل پر تازہ حملہ کیا گیا ہے، اسرائیلی ڈیفنس فورس نے دعوی کیا ہے کہ تہران کی جانب سے داغے گئے میزائل کو تباہ کردیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ الجزیرہ کے مطابق ایکس پر جاری کردہ بیان میں اسرائیل نے کہا کہ ان حملوں میں ریموٹ کنٹرول طیاروں کے ذریعے ایران کے 15 طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کو تباہ کیا گیا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان حملوں میں رن ویز، زیرِ زمین بنکرز، ایک ایندھن بھرنے والا طیارہ اور ایرانی حکومت کے زیرِ استعمال ایف-14، ایف-5 اور اے ایچ ون طیاروں کو نقصان پہنچا ہے۔