انسانی جانوں کا ضیاع شرم کی بات ، ایران کسی صورت نیوکلیئر ہتھیار حاصل نہیں کرسکتا۔ ٹرمپ نے ایرانی شہریوں کو خبردار کیا کہ ہر شخص تہران خالی کردے
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )ایران نے چوتھی بار اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب اور حیفہ شہر پر بیلسٹک میزائل و ڈرون داغ دیے جس کے بعد اسرائیل میں سائرن بج اٹھے ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق حیفہ کے رمات ڈیوٹایئربیس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ جبکہ اسرائیل نے بھی تہران پر تازہ حملہ کیا ہے۔ایرانی حملے کے بعد اسرائیل میں حیفہ ریفائنری کو مکمل بند کر دیا گیا جبکہ حملے میں 3 ملازمین ہلاک ہوئے ہیں۔پاسداران انقلاب کے ترجمان جنرل علی محمد نے کہا کہ آپریشن وعدہ صادق سوم کی یہ 9ویں لہر ہے جو صبح تک جاری رہے گی۔ ہم دشمن کو ایک لمحہ کے لیے بھی امن میسر نہیں ہونے دیں گے۔ایرانی سیکیورٹی کونسل نے اس سے قبل بیان دیا تھا کہ آج چوتھا دن انتہائی خطرناک ہوگا اور اسرائیل کو رات کے وقت دن کا منظر دکھائے دے گا۔قبل ازیں ایران نے صبح سویرے اسرائیل پر دوسرا بڑا حملہ کرتے ہوئے درجنوں بیلسٹک میزائل داغ دیے جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں کھنڈر بن گئیں جبکہ 8 اسرائیلی ہلاک اور 300 زخمی ہوئے ہیں۔ تارہ حملے میں حیفہ پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایرانی میزائل حملوں کے نتیجے میں آگ لگ گئی۔ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی جارحیت نے ایران کو مجبور کردیا ہے کہ وہ اپنی قوم اور ملک کے دفاع میں یہ حملے جاری رکھے اور صیہونی مجرموں پر کاری ضرب لگائے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق تازہ حملوں سے اسرائیل میں نقصان کی فوری طور پر تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔اس سے پہلے ایران نے اسرائیل کا ایک اور ایف تھرٹی فائیو مار گرانے کا بھی دعوی کیا تھا۔ تازہ ایف تھرٹی فائیو تبریز میں گرانے کا دعوی کیا گیا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق اب تک مار گرائے گئے ایف تھرٹی فائیو کی تعداد چار ہوگئی ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی شہریوں کو تہران خالی کرنے کی وارننگ دیدی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے ایران سے کہا تھا کہ نیوکلیر ڈیل پر دستخط کردیں، انہیں ایسا کرنا چاہیے تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے بارہا کہا تھا مگر ایسا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانوں جانوں کا ضیاع شرم کی بات ہے، ایران کسی صورت نیوکلیئر ہتھیار حاصل نہیں کرسکتا۔اپنے پیغام میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی شہریوں کو خبردار کیا کہ ہر شخص تہران خالی کردے۔پاسداران انقلاب کی ائرو اسپیس فورس نے اسرائیل کیخلاف جدید ڈرونز استعمال کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ شاہد 107 نامی یہ جدید ڈرونز اہداف پر خودکش حملوں کیلئے استعمال کیے جائیں گے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ان ڈرونز میں ایسا انجن نصب کیا گیا ہے جس کی مدد سے یہ ڈرونز پندرہ سو کلومیٹر بلندی پر پرواز کرسکتے ہیں۔ شاہد ایک سو سات جیسا ہی ایک ڈرون حال ہی میں اسرائیل کے ائرو تھری ائر ڈیفنس میزائل نظام کی جانب بڑھتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔ واضح رہے کہ ایران نے اب سے کچھ دیر پہلے اسرائیل پر میزائلوں سے ایک اور بڑا حملہ کردیا ہے۔