اے این ایف نے تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا
لاہور(کرائم رپورٹر)اے این ایف نے تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرکے بھاری مقدار میں منشیات بر آمد کر لی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق 9 مختلف کارروائیوں کے دوران 2 کروڑ سے زائد مالیت کی 33.796 کلو گرام منشیات پکڑ کر 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا اسلام آباد میں 26 نمبر چونگی کے قریب زیمبیئن خاتون سے 50 گرام کوکین برآمد کر لی گئی جبکہ لاہور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مالدیپ جانے والی خاتون سے 1.750 کلو ہیروئن برآمد ہوئی ہے، لاہور ایئرپورٹ پر دبئی سے آنے والے نائیجیرین باشندے کے پیٹ سے 28 کوکین بھرے کیپسولز ملے ہیں۔اس کے علاوہ لاہور میں واقع کوریئر آفس میں مشکوک پارسل سے 460 گرام آئس پکڑی گئی،کراچی میں کوریئر آفس کے ذریعے برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے 4.5 کلو ہیروئن ملی ہے، ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب خاتون سمیت ملزم سے 6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔سیالکوٹ بائی پاس گوجرانوالہ کے قریب 2 ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 14.4 کلو چرس اور 3.6 کلو افیون پکڑی گئی، حسن ابدال اٹک کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 2.4 کلو چرس برآمد کر کے 2 ملزمان گرفتار کر لئے گئے، جبکہ حیات آباد ٹول پلازہ رنگ روڈ پشاور کے قریب ملزم سے 29 گرام کوکین اور 69 گرام ہیروئن برآمد کی گئی ہے۔ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔