گیس پیپرز اور 5سالہ پرچوں کی سوشل میڈیا پر پابندی

تعلیمی اداروں کے سربراہ واٹس ایپ گروپ میں پرچے شیئرکرنے سے روکیں: مراسلہ
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے گیس پیپرز اور پانچ سالہ سوالیہ پرچوں کی سوشل میڈیا ترسیل پر پابندی لگا دی۔ کمشنر لاہور ڈویڑن/ چیئرمین لاہور بورڈ زید بن مقصود نے اس حوالے سے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے ایجوکیشن ہیڈز کو مراسلہ جاری کردیا۔جس کے مطابق سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ مختلف واٹس ایپ گروپ چلا رہے ہیں، جن میں لاہور بورڈ کے امتحانات سے متعلق سوالیہ پرچے، گیس پیپر اور پیئرنگ سکیم کی ترسیل کی جاتی ہے۔سوالیہ پرچے، گیس پیپرز اور پیئرنگ سکیم کی ترسیل کا عمل 1999کے ترمیم شدہ ایکٹ کے مطابق قابل جرم ہے اور ملوث افراد کو 3سال تک قید اور 50ہزار روپے جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔لاہور بورڈ کے مطابق تعلیمی اداروں کے سربراہان متعلقہ اساتذہ کو واٹس ایپ گروپ میں لاہور بورڈ کے سوالیہ پرچے شیئر کرنے سے روکیں۔ خلاف ورزی پر قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے گا۔