سوشل میڈیا پر حل شدہ پیپرز ، سوالیہ پرچوں کی شیئرنگ پر پابندی

ساہیوال (خصوصی رپورٹ)کنٹرولر امتحانات ساہیوال بورڈنے امتحانی عمل کو شفاف بنانے کیلئے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے سوشل میڈیا پر حل شدہ پیپرز اور سوالیہ پرچوں کی شیئرنگ پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حوالے سے تینوں اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔ مراسلے کے مطابق حل شدہ پیپرز، سوالیہ پرچوں یا کسی بھی خفیہ امتحانی دستاویز کی سوشل میڈیا یا کسی بھی پلیٹ فارم پر تشہیر سختی سے ممنوع قرار دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد امتحانی نظام میں شفافیت کو یقینی بنانا اور نقل کے رجحان کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس کے تحت پیڈا ایکٹ کے مطابق قانونی کاروائی بھی شامل ہوگی۔