متبادل موثر پلان نہ ہونے سے سگنل فری کوریڈور سمیت مرکزی شاہراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں ،
لاہور (کرائم رپورٹر) خیابانِ فردوسی، جوہر ٹاون میں واسا کی جانب سے سیوریج لائن کی تبدیلی کا کام جاری ہے، لیکن ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ متبادل راستوں کا موثر پلان نہ ہونے کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔ سگنل فری کوریڈور سمیت مرکزی شاہراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں معمول بن چکی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق خیابانِ فردوسی، جوہر ٹاون میں واسا نے بوسیدہ سیوریج لائن کی تبدیلی کیلئے کھدائی کا کام شروع کر دیا، لیکن ناقص ٹریفک پلاننگ کے باعث شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ۔ شوکت خانم فلائی اوور کے قریب کھدائی کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو چکی ہے۔سگنل فری کوریڈور، خیابانِ جناح اور خیابانِ فردوسی پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں معمول بن چکی ہیں جبکہ اللہ ہو چوک کی طرف جانے والے شہری گھنٹوں ٹریفک میں پھنسنے پر مجبور ہیں۔ٹریفک پولیس اور واسا کی جانب سے متبادل راستوں کا موثر پلان نہ ہونے کے باعث منٹوں کا سفر گھنٹوں میں تبدیل ہو چکا ہے۔شوکت خانم فلائی اوور سے جوہر ٹاو?ن مین بلیوارڈ کی تین لین کی سڑک سکڑ کر ایک لین میں تبدیل ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو گزرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔واسا کی جانب سے عوام کی سہولت کے لئے شروع کیے گئے اس منصوبے نے شہریوں کیلئے مشکلات کھڑی کر دی ہیں۔ متعلقہ حکام کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر متبادل ٹریفک پلان ترتیب دے کر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنائیں تاکہ شہریوں کی مشکلات کم ہو سکیں۔