بارشوں کے تھمنے کے باوجود کام کا دوبارہ آغاز نہ ہوا،شہری مشکلات کاشکار
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور کی معروف شاہراہ خیابان فردوسی پر سیوریج لائن کی تبدیلی کا کام واسا کی غفلت کا شکار ہے۔حکام نے شوق چوک سے شوکت خانم تک مون سون سے قبل کام مکمل کرنے کا ٹاسک دیا تھا، لیکن تاحال صرف چالیس فیصد کام مکمل ہوا، اور رفتار مزید سست ہے۔بارشوں کے تھمنے کے باوجود کام کا دوبارہ آغاز نہیں ہوا، جس نے شہریوں کی مشکلات کو بڑھا دیا ہے ، ادھورے کھدائی شدہ علاقے عوام کے لیے خطرے کا باعث بن چکے ہیں۔یہ میگا پراجیکٹ جس کی کل لاگت ایک ارب 90 کروڑ روپے ہے، واسا کی سست روی کے باعث نہ صرف سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہیں بلکہ کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں۔ درجنوں دکانیں بند پڑی ہیں، ٹریفک جام معمول بن چکا ہے اور متعلقہ حکام کی ناقص حکمت عملی پر شہری تنقید کر رہے ہیں،پراجیکٹ کے مجوزہ کام کی رفتار اور ناقص حکمت عملی نے عوام کو شدید مشکلات کا شکار کر دیا ہے۔