واسا نے کئی ماہ قبل کام شروع کیاتھا، تمام ڈیڈلائنز گزر گئیں ،منصوبہ نامکمل
لاہور (خصوصی رپورٹ )خیابانِ فردوسی پر سیوریج لائن بچھانے کا منصوبہ، جسے لاہور کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حصہ قرار دیا گیا تھا،تاخیر اور تنازعات کے باعث سست روی کا شکار ہے۔واسا نے خیابانِ فردوسی میں نیا سیوریج سسٹم بچھانے کا کام کئی ماہ قبل شروع کیا تھا،لیکن دی گئی تمام ڈیڈ لائنز گزر جانے کے باوجود منصوبہ مکمل نہ ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق واسا اور ایل ڈی اے کے درمیان منصوبے پر تنازع شدت اختیار کر چکا ہے۔ایل ڈی اے کی جانب سے سڑک کارپٹنگ کے لیے کلیئرروڈ مانگا جا رہا ہیجبکہ واسا تاحال مکمل سڑک ایل ڈی اے کے حوالے کرنے میں ناکام ہے۔خیابانِ فردوسی کی کل لمبائی تیرہ ہزار تین سو پچاسی فٹ ہے،جس میں سے واسا اب تک صرف پانچ ہزار ایک سو فٹ کا حصہ ایل ڈی اے کے حوالے کر سکا ہے۔ایل ڈی اے نے اس حصے پر اسفالٹنگ بیس کا کام مکمل کر لیا،لیکن باقی آٹھ ہزار دو سو پچاسی فٹ طویل حصہ اب بھی زیرِ تعمیر ہے۔روڈ ورک رکنے کے باعث نہ صرف منصوبہ التوا کا شکار ہے بلکہ گلبرگ، جیل روڈ اور کینال روڈ پر ٹریفک دبا ئو میں اضافہ ہو گیا ہے۔