ملبورن میں بھارتی گلوکارہ نیہا ککڑ کو اپنے حالیہ کنسرٹ میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب وہ تقریباً تین گھنٹے دیر سے اسٹیج پر پہنچیں، جس پر مداحوں نے شدید غصے کا اظہار کیا۔
کنسرٹ کے آغاز میں تاخیر ہونے پر شائقین کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی اور وہ ناپسندیدہ رویے کا مظاہرہ کرنے لگے۔گلوکارہ اس صورتحال میں جذباتی ہو گئیں اور اسٹیج پر ہی رو پڑیں، جس کے بعد انہوں نے مداحوں سے معافی مانگی۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں نیہا ککڑ آنکھوں میں آنسو بھرے ہوئے، معذرت کرتے ہوئے دکھائی دیں۔ لیکن بعض مداحوں نے ان کی معذرت قبول کرنے کے بجائے انہیں سخت جملوں سے نشانہ بنایا۔ بعض مداحوں نے کہا "گو بیک" اور "یہ انڈیا نہیں، آسٹریلیا ہے"، جو کہ گلوکارہ کی حیثیت کو چیلنج کرنے والے جملے تھے۔
ویڈیو میں ایک شخص کو یہ بھی کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے: "یہ کوئی انڈین آئیڈل نہیں، یہاں اداکاری مت کرو!"۔ اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر نیہا ککڑ کی پیشہ ورانہ مہارت کو سوالیہ نشان بنایا گیا۔ کچھ صارفین نے نیہا کے آنسوؤں کو حقیقی اور دل کو چھو لینے والا قرار دیا، جب کہ دوسروں نے اسے محض ڈرامہ بازی قرار دیتے ہوئے ان کی معذرت کو مسترد کر دیا۔
اس تنازعے کے بعد نیہا ککڑ کے مداحوں میں مایوسی کا سامنا ہوا اور سوشل میڈیا پر "#NehaKakkarUnprofessional" کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگا، جس سے اس واقعے کی شدت کا اندازہ ہوتا ہے۔