ممبئی: بھارتی اداکارہ نیہا دھوپیا نے پاپارازی کی جانب سے غیر مناسب انداز میں تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اس رویے سے باز رہنے کی تلقین کی ہے۔
یہ واقعہ ممبئی میں ایک ایوارڈ تقریب کے دوران پیش آیا، جہاں نیہا دھوپیا خود فوٹوگرافروں کے پاس گئیں اور انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نامناسب زاویوں سے تصاویر اور ویڈیوز بنانا بند کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ “بدتمیزی سے بیک شاٹ کون لیتا ہے؟ یہ مت کیا کریں، نہ میرے ساتھ اور نہ ہی کسی اور کے ساتھ، ہم بار بار یہ بات کہہ کر تھک چکے ہیں۔”اداکارہ نے مزید کہا کہ جب وہ عوامی تقریبات میں آتی ہیں تو میڈیا کی جانب سے بعض اوقات غیر مناسب انداز میں ویڈیوز بنائی جاتی ہیں، جو ان کے مطابق قابلِ قبول نہیں۔یہ ردعمل اس وقت سامنے آیا جب ان کی ایک حالیہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں انہیں رن وے یا ٹریک پر دوڑتے ہوئے فلمایا گیا تھا۔اداکارہ سوناکشی سنہا نے بھی نیہا دھوپیا کی حمایت کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ان کے موقف کو سراہا اور لکھا “ویل ڈن نیہا”۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سوناکشی سنہا بھی ممبئی میں ایک ریسٹورنٹ کے باہر پاپارازی کے رویے پر ناپسندیدگی کا اظہار کر چکی ہیں، جہاں وہ اپنے شوہر ظہیر اقبال اور والد کے ہمراہ موجود تھیں۔ اس موقع پر انہوں نے فوٹوگرافروں سے کہا تھا کہ وہ تصویریں لینا بند کریں، تاہم اس کے باوجود کیمرے ان کا پیچھا کرتے رہے۔بھارتی شوبز انڈسٹری میں یہ مسئلہ نیا نہیں ہے، اس سے قبل بھی کئی اداکار جیسے سلمان خان، جھانوی کپور اور دیگر پاپارازی کے حد سے زیادہ مداخلت والے رویے پر اعتراض کر چکے ہیں۔