نیہا ککڑ نے طلاق کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی

نیہا ککڑ نے طلاق کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی

بھارتی گلوکارہ نیہا ککڑ نے اپنے شوہر روہن پریت سنگھ سے طلاق کی افواہوں پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ازدواجی تعلقات بالکل ٹھیک ہیں۔

گزشتہ دنوں نیہا ککڑ کے ایک بیان کے بعد سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں، جس میں انہوں نے کام اور رشتوں سے وقفہ لینے کا ذکر کیا تھا۔ 37 سالہ گلوکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں ان کے شوہر اور خاندان کو نہ گھسیٹیں۔ نیہا ککڑ نے کہا:"آج میں جو کچھ بھی ہوں، اپنے گھر والوں کی وجہ سے ہوں، براہِ کرم میرے شوہر اور خاندان کو اس میں شامل نہ کریں، میں کچھ اور لوگوں اور نظام سے دکھی ہوں، اپنے شوہر یا خاندان سے نہیں۔"نیہا ککڑ نے اعتراف کیا کہ سوشل میڈیا پر جذباتی ردعمل دینا ان کی غلطی تھی کیونکہ میڈیا معمولی بات کو بھی بڑا بنا دیتا ہے، اور انہوں نے اس واقعے سے سبق سیکھ لیا ہے۔

آخر میں، گلوکارہ نے کہا کہ وہ آئندہ اپنی ذاتی زندگی پر بات نہیں کریں گی اور جلد بھرپور انداز میں واپسی کریں گی۔ انہوں نے مداحوں سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔واضح رہے کہ نیہا ککڑ کی جانب سے کام، رشتوں اور ذمہ داریوں سے وقفہ لینے والی پوسٹ بعد میں ڈیلیٹ کر دی گئی تھی، جس کے بعد طلاق کی افواہیں زور پکڑ گئی تھیں، تاہم اب گلوکارہ نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔