جماعتِ اسلامی کی کراچی میں ایک لاکھ درخت لگانے کی مہم کا آغاز

جماعتِ اسلامی کی کراچی میں ایک لاکھ درخت لگانے کی مہم کا آغاز

ویب ڈیسک: جماعتِ اسلامی نے کراچی میں شدید گرمی، آلودگی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر شجر کاری مہم شروع کر دی ہے۔

 اس مہم کے تحت شہر بھر میں ایک لاکھ درخت لگانے کا اعلان کیا گیا ہے۔امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے گلشن اقبال میں پودا لگا کر مہم کا باضابطہ آغاز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی کوشش ہے کہ کراچی کے ٹاؤن اور یوسی سطح پر پارکوں، گرین بیلٹس، گلیوں اور دیگر عوامی مقامات پر درخت لگائے جائیں تاکہ شہر کو سرسبز بنایا جا سکے اور ماحولیاتی بہتری ممکن ہو۔منعم ظفر نے صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تمام وسائل ہونے کے باوجود حکومت شہریوں کو نہ تو تحفظ دے سکی ہے اور نہ ہی انہیں صاف ستھرا ماحول فراہم کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نہ صرف درخت لگائے گی بلکہ ان کے تحفظ کو بھی یقینی بنانے کے لیے عوامی سطح پر شعور اجاگر کرے گی۔واضح رہے کہ کراچی میں گرمی کی شدت اور ہیٹ ویوز کے خطرے کے باعث ماہرین شجر کاری کو شہری ماحول کے لیے ناگزیر قرار دے چکے ہیں۔ جماعت اسلامی کی یہ مہم شہریوں کو ماحولیاتی بہتری کی جانب متوجہ کرنے کی ایک بڑی کوشش تصور کی جا رہی ہے۔