کراچی: ملیر ہالٹ حادثے میں جاں بحق میاں بیوی اور نومولود کی نماز جنازہ ادا

کراچی: ملیر ہالٹ حادثے میں جاں بحق میاں بیوی اور نومولود کی نماز جنازہ ادا

کراچی کے علاقے ملیر ہالٹ پر تیز رفتار واٹر ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے میاں بیوی اور نومولود بچے کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

 یہ نماز جنازہ شاہ فیصل کالونی کے علاقے ناتھا گوٹھ کی مرکزی جامع مسجد میں ادا کی گئی، جس میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق سمیت بڑی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی۔نماز جنازہ کے دوران رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے، جہاں ماں باپ اور نومولود کے جنازے ایک ساتھ دیکھ کر لوگ خود پر قابو نہ رکھ سکے اور کئی افراد زار و قطار روتے رہے۔ پورے علاقے میں سوگ کا سماں تھا اور شہریوں نے ٹریفک حادثات پر قابو پانے میں حکومت کی مسلسل ناکامی پر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔منعم ظفر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بگڑتی ہوئی ٹریفک صورتحال، غیر قانونی ہیوی ٹریفک اور حکومتی نااہلی معصوم جانوں کے ضیاع کا سبب بن رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس ظلم کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرے گی اور متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے ملیر ہالٹ کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار فیملی کو کچل دیا تھا، جس کے نتیجے میں شوہر اور حاملہ بیوی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ حادثے کے دوران بچے کی ولادت ہوئی، مگر وہ بھی دم توڑ گیا۔ حادثہ اتنا ہولناک تھا کہ موقع پر موجود افراد خوف اور غم کے عالم میں بیٹھ گئے۔ پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے اور واٹر ٹینکر کو تحویل میں لے لیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ حادثہ ممکنہ طور پر بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔