وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ جعلی راجکماری سعودی عرب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کی گرفتاری کے احکامات دے رہی تھیں۔
انہوں نے بیان میں کہا کہ پنجاب میں یومِ پاکستان کے موقع پر پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاری کی کارروائی قابلِ مذمت ہے، جبکہ گزشتہ رات مساجد سے بھی کارکنوں کو اٹھا کر جیلوں میں ڈال دیا گیا۔ بیرسٹر سیف نے دعویٰ کیا کہ جعلی راجکماری سعودی عرب سے پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاری کے احکامات دے رہی تھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز رمضان میں بھی فسطائیت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ معصوم کارکنوں کو صرف پاکستان اور عمران خان سے محبت کی سزا دی جا رہی ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ یومِ پاکستان پر پی ٹی آئی کارکنوں کی ریلیوں نے جعلی حکومت کو خوف میں مبتلا کر دیا۔ عوام نے یومِ پاکستان کے موقع پر حقیقی آزادی کے عہد کی تجدید کی اور جعلی حکومت کے غیر مستند ہونے پر مہرِ تصدیق ثبت کی۔انہوں نے کہا کہ یومِ پاکستان پر عوامی سمندر نے جعلی حکومت کے خلاف ریفرنڈم دیا۔ خیبر سے کراچی تک عوام کے جمِ غفیر نے فارم 47 مافیا کو اس کی اصل حیثیت یاد دلا دی۔ اگر جعلی حکومت میں رتی بھر بھی شرم و حیا باقی ہے تو وہ فوراً مستعفی ہو جائے۔