چوہدری شوگر ملز کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف بھی فریق ہیں۔
نیب لاہور نے لاہور ہائیکورٹ کے 4 فروری کے احکامات کی روشنی میں چوہدری شوگر ملز کی تفتیش بند کرنے کی حتمی منظوری حاصل کرنے کے لیے احتساب عدالت لاہور سے رجوع کیا۔احتساب عدالت کے جج رانا محمد عارف نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔ مریم نواز اور میاں نواز شریف کی جانب سے وکیل جاوید ارشد بھٹی نے وکالت نامے جمع کروا دیے۔ عدالت نے سماعت 9 مارچ تک ملتوی کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق، نیب کی یہ درخواست ہائیکورٹ کے احکامات کے تحت کی گئی ہے تاکہ کیس میں مزید قانونی کارروائی مکمل کی جا سکے اور تفتیش بند کرنے کی حتمی منظوری حاصل کی جا سکے۔یہ اقدام چوہدری شوگر ملز کیس میں ایک اہم مرحلہ تصور کیا جا رہا ہے، کیونکہ اس سے مریم نواز اور میاں نواز شریف کے حوالے سے کیس کے مستقبل کا تعین کیا جائے گا۔