وزیر اعلیٰ مریم نواز کی صوبائی وزیر محنت فیصل ایوب سے ملاقات؛ ورکرز کی رجسٹریشن کا حکم

وزیر اعلیٰ مریم نواز کی صوبائی وزیر محنت فیصل ایوب سے ملاقات؛ ورکرز کی رجسٹریشن کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے صوبائی وزیر محنت فیصل ایوب کھوکھر کی ملاقات ہوئی، جس میں لیبر کے حقوق اور صوبے میں ورکنگ کنڈیشنز کی بہتری کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے دکانوں، ورکشاپس، اور چھوٹے اداروں میں کام کرنے والے ورکرز کی رجسٹریشن کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ رجسٹریشن لیبر ڈیپارٹمنٹ میں کی جائے گی، جس کے بعد ورکروں کو مختلف گرانٹس اور مالی فوائد ملیں گے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کم از کم اجرت کے فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دکانوں، پٹرول پمپس اور فیکٹریوں میں کم از کم اجرت کی ادائیگی کو یقینی بنانا ہوگا۔یہ اقدامات چھوٹے اداروں کے ورکروں کے لیے پہلی مرتبہ کیے جا رہے ہیں، جن میں دکانوں، ورکشاپوں اور چھوٹے انڈسٹریل یونٹس میں ورکرز کی رجسٹریشن شامل ہے۔

وزیراعلیٰ نے انڈسٹریل یونٹس میں لیبر کے لیے بہتر ورکنگ کنڈیشنز فراہم کرنے کا بھی حکم دیا۔مزید براں، وزیراعلیٰ مریم نواز نے لیبر کے لیے راشن کارڈ پروگرام کا جامع پلان تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اس پروگرام کے تحت ورکروں کو زندگی کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد فراہم کی جائے گی۔یہ اقدامات صوبے میں ورکروں کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے گئے ہیں اور حکومت کی جانب سے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کی طرف ایک اہم قدم ہیں۔