’’فارم 45 کا بندوبست آپ کریں، فارم 47 کا میں کرلوں گا‘‘بلاول کا شگر میں عوامی خطاب

’’فارم 45 کا بندوبست آپ کریں، فارم 47 کا میں کرلوں گا‘‘بلاول کا شگر میں عوامی خطاب

بلاول بھٹو زرداری نے شگر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو چاہیے کہ وہ “فارم 45 کا بندوبست” خود کریں جبکہ “فارم 47 کا انتظام” وہ خود کریں گے۔

گلگت بلتستان کے علاقے شگر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے اس خطے کی عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور یہاں کے لوگوں نے ماضی میں بھی پارٹی کا ساتھ دیا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے ملک میں غریبوں، مزدوروں اور پسے ہوئے طبقات کے حقوق کے لیے جدوجہد کی اور پیپلز پارٹی آج بھی اسی نظریے پر قائم ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں پارٹی کی بعض نشستیں “چھین لی گئی تھیں”، تاہم اس بار وہ چاہتے ہیں کہ انتخابات شفاف ہوں اور پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اگر ان کی جماعت کو موقع ملا تو وہ گلگت بلتستان کے عوام کو مزید اختیارات اور حقوق دیں گے اور وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائیں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ مقامی وسائل اور قدرتی ذخائر پر پہلا حق مقامی آبادی کا ہونا چاہیے اور ترقیاتی فیصلے بھی وہیں کے نمائندوں کو کرنے چاہییں۔بلاول بھٹو کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات کو پاکستان کے عام انتخابات کے ساتھ منسلک کیا جانا چاہیے تاکہ عوامی نمائندگی اور حقِ حکمرانی مزید مضبوط ہو سکے۔