ناقص کارکردگی: شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان کو آرام دینے کی تجویز

ناقص کارکردگی: شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان کو آرام دینے کی تجویز

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچویں ٹی20 میچ میں شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دینے کی تجویز پیش کی ہے۔

شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ چونکہ پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ٹی20 میچ میں شکست کے بعد سیریز ہار دی ہے، اس لیے یہ بہتر ہوگا کہ سینئر کھلاڑیوں شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دیا جائے اور نوجوان کھلاڑیوں کو موقع فراہم کیا جائے۔چوتھے ٹی20 میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 220 رنز بنائے، جس میں ٹم سیفرٹ اور مائیکل بریسویل کی شاندار اننگز نے پاکستان کے لیے مشکلات بڑھا دیں۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد اور عباس آفریدی نے بھی وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کی بیٹنگ میں انتہائی مایوس کن کارکردگی رہی، اوپنر محمد حارث صرف 2 رنز بنا کر پویلین لوٹے، اور پورا ٹیم 105 رنز پر آل آؤٹ ہوگیا۔ عبدالصمد نے سب سے زیادہ 44 رنز بنائے، لیکن اس کے باوجود ٹیم ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی۔

 یہ پاکستان کا ٹی20 فارمیٹ میں 10 واں کم ترین اسکور تھا۔شاداب خان اور شاہین آفریدی کی کارکردگی بھی اس سیریز میں مایوس کن رہی۔ شاداب خان نے تین اننگز میں صرف 30 رنز بنائے اور گیندبازی میں 4 میچوں میں صرف ایک وکٹ حاصل کی۔ شاہین آفریدی کی کارکردگی بھی بہتر نہیں رہی، انہوں نے دو میچوں میں صرف دو وکٹیں حاصل کیں اور ان کی اوسط 66.50 رہی۔شاہد آفریدی کا خیال ہے کہ ان دونوں سینئر کھلاڑیوں کو آرام دینے کے بعد نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہیے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں اور ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔