محکمہ موسمیات نے 25 سے 28 مارچ کے دوران ملک بھر میں موسلادھار بارشوں اور مختلف موسمی تبدیلیوں کی پیشگوئی کی ہے۔
اس دوران شمال مغربی ہواؤں کا ایک نیا سسٹم لاہور میں داخل ہو چکا ہے، جس سے شہر لاہور میں بارش ہونے کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق لاہور میں سورج کی کرنوں کے ساتھ ہوائیں چلنے کی وجہ سے فضا میں تازگی کا احساس برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات نے لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا ہے، اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری تک جانے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ملک بھر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی توقع ہے اور پہاڑی علاقوں میں برفباری اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا میں 25 سے 27 مارچ کے دوران آندھی اور بارش متوقع ہے۔ مری، گلیات، اسلام آباد اور پنجاب میں وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری ہوگی۔بلوچستان اور سندھ میں آج اور کل گرد آلود ہوائیں اور بارش متوقع ہیں۔ اس کے علاوہ، آندھی اور ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، لہذا کسانوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو پہاڑی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی بھی تاکید کی ہے۔مری، گلیات اور ان کے گردونواح میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ باجوڑ، مہمند، خیبر، چترال، دیر، سوات، کوہستان اور کرم میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے، اور آزاد کشمیر میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ ان موسمی تبدیلیوں کی بنا پر شہریوں اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی غیر متوقع موسمی صورتحال سے بچا جا سکے۔