شہر میں گرمی اور حبس کی شدت برقرار ہے، جس کے باعث شہری شدید گھٹن اور غیر آرام دہ موسم کا سامنا کر رہے ہیں۔
صبح سے ہی دھوپ اور نمی کے امتزاج نے موسم کو مزید بوجھل بنا دیا ہے، جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد نے غیر معمولی حبس کی شکایت کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت معمول سے زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔ شہر میں 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، تاہم ان کی رفتار حبس میں نمایاں کمی لانے کے لیے کافی نہیں۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج شہر میں بارش کی پیش گوئی بھی کی ہے۔ ماہرین کے مطابق مرطوب ہواؤں کے باعث دن یا شام کے اوقات میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان موجود ہے، جس سے گرمی اور حبس کی شدت میں کمی آ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا موجودہ سلسلہ 24 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں معتدل بارش ہو سکتی ہے، جبکہ بعض مقامات پر تیز بارش بھی متوقع ہے۔ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ شدید گرمی اور حبس کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔