رمضان پیکیج پورے پاکستان بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کیلئے بلاتفریق متعارف کرایا گیا ، پیسے مستحقین تک ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے پہنچائے جا رہے ہیں:وزیراعظم کی پیکیج کے بارے میں جائزہ اجلاس میں گفتگو
معیاری بیج کی فراہمی سے زرعی انقلاب لایا جاسکتا ہے، آلوکی پیداوار کیلئے ادارہ قائم کیا، زراعت کا معیشت میں حصہ بڑھانا ہے: نیشنل ایگری کلچر اینڈ ریسرچ سینٹر میں جدید ایرو پانکس طریقے سے کاشت کی افتتاحی تقریب سے خطاب
اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان ریلیف پیکیج کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان ریلیف پیکیج 2025 کے تحت پیسے مستحقین تک ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے پہنچائے جا رہے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر رمضان ریلیف پیکیج 2025 کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں رمضان ریلیف پیکیج 2025 کے حوالے سے پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔دوران بریفنگ اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک 63 فیصد مستحقین کو رقم پہنچائی جا چکی ہے، ایسے تمام مستحق افراد جن کو رقم مل چکی ہے ان کی تمام تر دستاویزی تفصیلات موجود ہیں، رمضان ریلیف پیکیج کے حوالے سے 2224 ملازمین ڈیوٹی پر مامور ہیں، اب تک ڈیڑھ ملین سے زیادہ مستحقین کو ٹیلیفون کالز کی جاچکی ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان ریلیف پیکیج کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کر دی۔وزیراعظم نے کہا کہ رمضان پیکیج پورے پاکستان بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کیلئے بلاتفریق متعارف کرایا گیا ہے، اس پیکیج کو شفاف بنانے کیلئے سٹیٹ بینک آف پاکستان، نادرا اور ٹیک اداروں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے آلوکی پیداوارکیلییادارہ قائم کیا ہے ہمیں زراعت کا ملکی معیشت میں حصہ بڑھانا ہے۔نیشنل ایگری کلچر اینڈ ریسرچ سینٹر میں جدید ایرو پانکس طریقے سے کاشت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ زراعت پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور آج بھی پاکستان کی آبادی کا تقریبا 65 فیصد حصہ دیہاتوں میں زندگی گزار کر پاکستان کے لیے اناج پیدا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی اے آر سی میں زرعی ترقی کے لیے کام ہورہا ہے، یقین ہے پی اے آر سی کی محنت سے زراعت ترقی کرے گی، آلوکا بہترین بیج کسانوں کو مہیا کیا جائے گا، آلوکی پیداوار کے لیے ادارہ قائم کیا گیا، امید ہے یہ بیج آلو کے لیے شاندارہوگا۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کسان دن رات محنت کرتا ہے اور اسے آج انہیں بہترین بیج، کھاد، اصل ادویات کی ضرورت ہے، اگر وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ ملکر کسانوں کو یہ اشیا مناسب قیمتوں پر مہیا کردے تو مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کے اندر دوبارہ زرعی انقلاب لایا جاسکتا ہے، کیوں کہ اللہ نے پاکستان کو بہت زرخیز زمین دی ہے۔