آئی ٹی پارکس کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا حکم عوام کو سائبر جرائم سے تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے شہبازشریف

این  سی سی آئی اے کو قومی سطح کی پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز، وزیراعظم کا تنظیمِ نو کا عمل تیز کرنے کا حکم‘سائبر جرائم کے نظام میں اصلاحات کیلئے 4 وفاقی وزراء پر مشتمل کمیٹی قائم 
سپیشل ٹیکنالوجی زونز کو محض دفاتر کے قیام تک محدود رکھنے کے بجائے ٹیکنالوجی کی ترقی، جدید کاروباری سرگرمیوں اور آئی ٹی برآمدات کے فروغ کا مؤثر مرکز بنایا جائے:اجلاسوں میں گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی ) وزیراعظم  شہبازشریف نے ہدایت کی ہے  سائبر کرائمز کی روک تھام اور تحقیقات کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے ، عوام کو سائبر جرائم سے تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، لہذا این سی سی آئی اے کو ایک موثر، فعال اور جدید ادارہ بنانے کے لیے تنظیم نو کا عمل تیز کیا جائے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی تنظیم نو کے حوالے سے اجلاس  منعقدہوا، جس میں ادارے کی کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں شہباز شریف نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی اور اس کے تمام ذیلی دفاتر میں آئی ٹی اور اے آئی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کو تعینات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ این سی سی آئی اے میں میرٹ کی بنیاد پر بہترین افرادی قوت کی خدمات حاصل کی جائیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس ادارے کی تنظیم نو میں اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر توجہ مرکوز کی جائے، نیز سائبر کرائم کے زیر التوا مقدمات کے حل کیلئے  تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔وزیراعظم نے این سی سی آئی اے کی جانب سے پیش کی گئی اصلاحات کی سفارشات پر غور کرنے کیلئے  وفاقی وزرا محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب اور شزا فاطمہ خواجہ پر مشتمل کمیٹی بنانے کے احکامات جاری کیے، جو رواں ہفتے کے آخر تک اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی۔اجلاس میں این سی سی آئی اے کی تنظیم نو کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ این سی سی آئی اے کو قومی سطح کی پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز ہے، جس کے لئے بہترین افرادی قوت میرٹ کی بنیاد پر رکھی جائے گی۔دریں اثناء زیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے آئی ٹی شعبے کو ملکی معیشت کی ترقی، برآمدات میں اضافے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کا اہم ذریعہ بنانے کے لیے اصلاحات اور سرمایہ کاری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی (ایس ٹی زیڈ اے) کے تحت فعال تمام آئی ٹی پارکس کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کو محض دفاتر کے قیام تک محدود رکھنے کے بجائے ٹیکنالوجی کی ترقی، جدید کاروباری سرگرمیوں اور آئی ٹی برآمدات کے فروغ کا مؤثر مرکز بنایا جائے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان کے آئی ٹی شعبے کی برآمدی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے اقدامات کررہی ہے تاکہ اس شعبے کو ملکی معیشت کی ترقی اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کا اہم ذریعہ بنایا جاسکے۔ آئی ٹی اور اس سے منسلک خدمات کے شعبوں میں مزید ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری لانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے