زرعی ٹیکس وقت کا تقاضا ، چاروں صوبوں نے وفاق کے ساتھ مل کر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور فیصلے کئے، یوم یکجہتی کشمیر آج قومی جذبے کے ساتھ منایا جائے گا، پورا پاکستان مقبوضہ کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے گا
بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کے سفیر ہیں، اوورسیز پاکستانی شبانہ روز محنت سے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جس پر شکرگزار ہوں:وزیراعظم کا کابینہ اجلاس او ر اوورسیز پاکستانیز گلوبل فاؤنڈیشن کی تقریب سے خطاب
اسلام آباد (آئی این پی‘آن لائن ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے زرعی ٹیکس وقت کا تقاضا ہے، چاروں صوبوں نے وفاق کے ساتھ مل کر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور فیصلے کئے، مہنگائی کی شرح کا بتدریج کم ہونا انتہائی خوش آئند ہے، اشیائے خورونوش کے نرخوں میں کمی سے عام آدمی کو ریلیف مل رہا ہے، پاکستان معاشی استحکام کے بعد اب معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے، یوم یکجہتی کشمیر آج قومی جذبے کے ساتھ منایا جائے گا، پورا پاکستان مقبوضہ کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے گا،تیل درآمد پر ایک سال کیلئے 1.2 ارب ڈا لر موخر ادائیگی کی سہولت کیلئے سعودی عرب کے مشکور ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو چکا ہے، ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ رمضان کی آمد آمد ہے، اس حوالے سے وزارت فوڈ سیکیورٹی کو یوٹیلٹی اسٹورز کے بغیر رمضان پیکیج لانے کی ہدایت کردی ہے تاکہ کرپشن اور خراب مال کی فروخت نہ ہو۔وزیراعظم نے کہا کہ میں نے کئی ماہ پہلے کہا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے ساتھ اب یہ معاملہ نہیں چل سکتا، وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال رمضان میں یوٹیلٹی اسٹورز کے حوالے سے بے پناہ شکایات تھیں جس کا حل یہ نکالا ہے کہ مائنس یوٹیلٹی اسٹور رمضان پیکیج لایا جائے۔دریں اثناء اوورسیز پاکستانیز گلوبل فاؤنڈیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان کے سفیر ہیں، اوورسیز پاکستانی شبانہ روز محنت سے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اوورسیزپاکستانیوں کا دل کی گہرائیوں سے شکرگزار ہوں، اوورسیز پاکستانیوں کا ملک میں خیرمقدم کرتے ہیں جو اپنی محنت سے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ آپ کے عزم اور محنت کی بدولت پاکستان کے لیے ترسیلات زر میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے، ترسیلات زر میں اضافے سے زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہوئے ہیں، بیرون ملک سے تربیت حاصل کر کے آپ ملک کے لیے بہترین خدمات انجام دیتے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ آج دوبارہ دہشت گردی سر اٹھا رہی ہے، دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کریں گے، انشااللہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انشااللہ ہم گرین چینل کو دوبارہ بحال کریں گے، بیرون ملک پاکستانیوں کے یوتھ فیسیٹول سے متعلق تجویز کا خیرمقدم کرتے ہیں۔