(پاکستانی مصنوعات پر ٹیرف)امریکہ سے مذاکرات کرنیکا فیصلہ وزیراعظم نے سٹیئرنگ کمیٹی اور ورکنگ گروپ قائم کر دی
وزیر خزانہ 12 رکنی سٹیئرنگ کمیٹی کے کنوینئر‘سیکرٹری تجارت ورکنگ گروپ کے کنوینئر مقرر‘ سٹیئرنگ کمٹی ٹیرف کے معاملے پر قائم ورکنگ گروپ کی نگرانی کرے گی‘19 رکنی ورکنگ گروپ میں سیکرٹریز، کاروباری شخصیات بھی شامل
وزیر اعظم کا پرائیویٹ حج کوٹے میں کمی ہونے اور ہزاروں پاکستانیوں کے حج سے محروم ہونے کا سخت نوٹس‘ فوری انکوائری کے لئے تین رکنی کمیٹی قائم ‘ تین روز میں ذمہ داروں کا تعین کرنے کا بھی حکم دے دیا
اسلام آباد (آن لائن‘آئی این پی)پاکستانی مصنوعات پر 29 فیصد امریکی ٹیرف عائد ہونے کا معاملہ،حکومت نے صورت حال سے نمٹنے کیلئے موئثرحکمت عملی تیار کر لی ۔وزیراعظم نے اعلی سطح کی سٹیئرنگ کمیٹی اور ورکنگ گروپ قائم کر دیا ہے اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب 12 رکنی اسٹیئرنگ کمیٹی کے کنوینئر مقرر کیا گیا ہے ۔ سٹیئرنگ کمیٹی امریکہ کے ساتھ اضافی ٹیرف کے معاملے پر مذاکرات کرے گی ۔ اسی طرح سیکرٹری تجارت جواد پال کو ورکنگ گروپ کا کنوینئر مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ سٹیئرنگ کمٹی ٹیرف کے معاملے پر قائم ورکنگ گروپ کی نگرانی کرے گی۔19 رکنی ورکنگ گروپ میں متعلقہ سیکرٹریز، کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں ۔ دریں اثناء وزیراعظم کی زیر صدارت رمضان ریلیف پیکج 2025 کے جائزہ اجلاس میں پیکیج کی کامیابیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا 79 فی صد رقوم انتہائی شفاف طریقے سے مستحقین تک پہنچائی جا چکی ہیں، جب کہ ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے 1.9 ملین ادائیگیاں کی گئیں۔ڈیجیٹل والٹ: پہلی بار متعارف کرائے گئے ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے 951,191 افراد نے رقوم وصول کیں، جن میں 823,653 خواتین اور 2,541 خصوصی افراد شامل ہیں۔آگاہی مہم: بینکوں اور معاون اداروں نے 6.2 ملین روبو کالز، 178,700 آٹ بانڈ کالز اور 6.1 ملین ایس ایم ایس بھیجے۔ نیشنل ٹیلی کام کارپوریشن کے کال سینٹر نے 126,839 آٹ بانڈ اور 158,551 ان بانڈ کالز کیں۔شکایات کا حل: کل 1,273 شکایات موصول ہوئیں، جنہیں فوری طور پر حل کیا گیا۔ملک بھر میں نفاذ: یہ پیکیج پورے پاکستان بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بلاتفریق متعارف کرایا گیا۔وزیراعظم نے جائزہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا یہ ڈیجیٹل نظام دیگر حکومتی اسکیموں میں بھی اپنایا جائے گا۔علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے رواں سال پرائیویٹ حج کوٹے میں کمی ہونے اور ہزاروں پاکستانیوں کے پرائیویٹ کوٹے سے حج سے محروم ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دیے دیا اور انکوائری کے لیے تین رکنی کمیٹی قائم کر کے تین روز میں ذمہ داروں کا تعین کرنے کا بھی حکم دے دیا