رمضان ریلیف پیکیج ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے نقد امداد براہِ راست مستحقین تک پہنچائی جا رہی ہے شہبازشریف

پچھلے سال کے کامیاب تجربے کی بنیاد پر اس سال بھی رقوم کی تقسیم شفاف ڈیجیٹل نظام کے تحت کی جا رہی ہے‘ اس نظام سے لوگوں کو لمبی قطاروں سے نجات ملی ہے ‘ ان کی عزت نفس بھی محفوظ رہتی ہے:اجلاس میں گفتگو
وزیرِ اعظم کی مانسہرہ میں  لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کے گھر آمد، لواحقین سے اظہار تعزیت کیا‘فاتحہ خوانی‘شہید کے نام پر دانش سکول بنایا جائے گا‘اہل خانہ کا مکمل خیال رکھیں گے:شہبازشریف
اسلام آباد( آن لائن‘آئی این پی )محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر رمضان ریلیف پیکج 2026 کے حوالے سے جائزہ اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں پیکج کے باضابطہ آغاز اور پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے اعلان کیا کہ رمضان ریلیف پیکج 2026 کے لیے 38 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ گزشتہ سال کی امدادی رقم 5 ہزار روپے سے بڑھا کر 13 ہزار روپے فی کس کر دی گئی ہے تاکہ مستحق افراد کو ماہِ رمضان میں مؤثر مالی سہارا فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے اسے ملک کا سب سے بڑا اور جامع رمضان ریلیف پیکج قرار دیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا  پچھلے سال کے کامیاب تجربے کی بنیاد پر اس سال بھی رقوم کی تقسیم شفاف ڈیجیٹل نظام کے تحت کی جا رہی ہے اور ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے نقد مالی مدد براہِ راست مستحقین تک پہنچائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام سے لوگوں کو لمبی قطاروں سے نجات ملی ہے اور ان کی عزت نفس بھی محفوظ رہتی ہے۔ وزیراعظم نے پیکج پر کام کرنے والے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 8 رمضان المبارک تک 64 فیصد مستحق افراد کو رقوم منتقل کی جا چکی ہیں، جبکہ باقی مستحقین کی تصدیق اور ادائیگی کا عمل تیزی سے جاری ہے‘وزیراعظم شہباز شریف فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کی قیادت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کے گھر مانسہرہ گئے۔وزیرِ اعظم نے شہید کی والدہ، اہلیہ اور بچوں سمیت لواحقین سے ملاقات کی اور شہید کیلئے دعا کی۔اس کے علاوہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر انہوں نے شہید کے بلند درجات اور اہلِ خانہ کیلئے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔وزیرِاعظم نے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید نے وطنِ عزیز کی حفاظت کی خاطر جامِ شہادت نوش کیا اور ہمت و بہادری کی اعلی مثال قائم کی، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہدا اور ان کے اہلِ خانہ پر فخر ہے اور پاکستانی قوم ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اور پاک فوج شہید کے اہلِ خانہ کا مکمل خیال رکھیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے مانسہرہ میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کے نام سے دانش سکول کے قیام کا بھی اعلان کیا