بھارتی ٹیم کی شکست پر سنیل گواسکر برس پڑے، فیلڈنگ اور پریکٹس پر سوالات

بھارتی ٹیم کی شکست پر سنیل گواسکر برس پڑے، فیلڈنگ اور پریکٹس پر سوالات

ویب ڈیسک: بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈری سابق کپتان اور موجودہ کمنٹیٹر سنیل گواسکر نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد قومی ٹیم کی کارکردگی پر شدید تنقید کی ہے۔

سنیل گواسکر نے کہا کہ انگلینڈ نے بہترین کم بیک کیا حالانکہ بھارتی بیٹرز نے پانچ سنچریاں اسکور کیں، اس کے باوجود بھارت کو پانچ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ "ہم نے خود انگلینڈ کو موقع فراہم کیا، خاص طور پر کیچز چھوڑنے اور ناقص فیلڈنگ نے میچ ہمارے ہاتھ سے نکال دیا۔"گواسکر نے ٹیم کی فیلڈنگ پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا:“صرف کیچز چھوڑنا ہی نہیں، ہماری گراؤنڈ فیلڈنگ بھی بہت خراب تھی، جو ٹیسٹ میچ کے معیار پر پوری نہیں اترتی۔”انہوں نے بولرز کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار تھی، اس لیے بولنگ کو تنقید کا نشانہ بنانا مناسب نہیں ہوگا۔ گواسکر کے مطابق اس شکست سے بھارتی کھلاڑیوں کو سبق سیکھنا چاہیے۔

گواسکر نے پریکٹس سیشنز کی غیر سنجیدگی پر بھی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:"اب اگلے میچ سے پہلے کھلاڑیوں کو سنجیدہ پریکٹس کرنا ہوگی، یہ 'آپشنل پریکٹس' والا نظام بند کرنا پڑے گا ورنہ ہم کچھ بھی نہیں جیت سکیں گے۔"یاد رہے کہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے لیڈز میں بھارت کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر 0-1 کی برتری حاصل کی ہے۔