روہت شرما خود کپتانی چھوڑ سکتے ہیں:سنیل گواسکر

روہت شرما خود کپتانی چھوڑ سکتے ہیں:سنیل گواسکر

سابق بھارتی کرکٹر اور کمنٹیٹر سنیل گواسکر نے روہت شرما کی کپتانی کے حوالے سے خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ ٹیسٹ میچز میں ناقص کارکردگی کی صورت میں روہت خود ہی کپتانی چھوڑ سکتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سنیل گواسکر نے کہا کہ اگر روہت شرما میلبرن اور سڈنی ٹیسٹ میچز میں ناکام رہے تو وہ سلیکٹرز کے فیصلے کا انتظار کیے بغیر قیادت سے دستبردار ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ روہت بارڈر گواسکر ٹرافی کے آخری میچز کھیلیں گے، لیکن اگر وہ رنز نہ بنا سکے تو ٹیم پر بوجھ بننے کے بجائے خود کپتانی چھوڑ دیں گے۔گواسکر نے روی چندرن ایشون کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایشون نے بھی ٹیم پر بوجھ بننا مناسب نہیں سمجھا اور ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا، اسی طرح روہت بھی یہی راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ روہت شرما نے اپنی گزشتہ 13 ٹیسٹ اننگز میں 11.83 کی اوسط سے صرف 152 رنز بنائے ہیں، جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔یاد رہے کہ برسبین ٹیسٹ کے دوران بھی روہت کی ریٹائرمنٹ سے متعلق چہ مگوئیاں جاری تھیں۔