ٹرمپ نے ایک اور جنگ رکوا دی ایران اور اسرائیل کا ایکدوسرے پر خلاف ورزی کاالزام
جنگ بندی سے پہلے ایران کے حملے میں 6 اسرائیلی ہلاک‘ ٹرمپ نے ایران کے خلاف دوبارہ جارحیت کی تو منہ توڑ جواب ملے گا:سربراہ پاسداران انقلاب ‘ آپریشن کے تمام مقاصد حاصل کر لئے: اسرائیلی وزیراعظم
اسرائیل اور ایران ایک ہی وقت میں میرے پاس آئے اور کہا ہم امن چاہتے ہیں،خدا اسرائیل اورایران دونوں کو برکت دے، جنگی بندی کی خلاف ورزی پر ناراض ہوں:ڈونلڈ ٹرمپ
تہران، واشنگٹن،تل ابیب (آئی این پی )مریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران اور اسرائیل کے درمیان 12روزہ جنگ کے بعد سیزفائر پر راضی ہونے کے اعلان پر عملدرآمد کا آغاز ہو گیا،دونوں ممالک نے سیزفائر کی تصدیق کردی ہے جبکہ امریکی صدر ٹرمپ نے جنگ بندی کی خلاف ورزی نہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل اور ایران ایک ہی وقت میں میرے پاس آئے اور کہا ہم امن چاہتے ہیں، خدا سرائیل اورایران دونوں کو برکت دے۔ ایران نے پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بجے سے جنگ بندی پر عملدرآمد شروع کردیا ، ایران کے سرکاری ٹی وی نے جنگ بندی کے آغاز کی خبر نشر کی ۔ایران کی جانب سے جنگ بندی اعلان کے بعد ایرانی شہری جشن مناتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور خوشی کا اظہار کیا۔ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل پاکپور نے کہا ہے کہ کامیابی اور فتح پر ملت ایران اور شہدا کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ٹرمپ نے ایران کے خلاف دوبارہ جارحیت کی تو منہ توڑ جواب ملے گا۔انہوں نے کہا کہ کامیابی اور فتح ملت ایران کے اتحاد اور شہدا کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ ایک ایرانی سینیئرعہدیدار کے مطابق ایران قطر کی ثالثی اور امریکی تجویز پر اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی پر رضامند ہے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ہماری فوجی کارروائیاں صبح 4 بجے آخری لمحے تک جاری رہیں، انہوں نے ملک کے کامیاب دفاع پر ایرانی افواج کا شکریہ بھی ادا کیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں عباس عراقچی نے کہاکہ اسرائیل کی جارحیت کے جواب میں ہماری طاقتور مسلح افواج کی فوجی کارروائیاں صبح 4 بجے آخری لمحے تک جاری رہیں۔انہوں نے کہا کہ میں تمام ایرانی عوام کے ساتھ مل کر اپنی بہادر مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جو اپنے خون کے آخری قطرے تک اپنے پیارے وطن کے دفاع کے لیے تیار رہتی ہیں، اور جنہوں نے دشمن کے ہر حملے کا آخری لمحے تک ڈٹ کر جواب دیا۔سیز فائر کے بعد اسرائیلی فوج کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ایران سے مزید حملوں کا خطرہ ٹل گیا،شہری اب پناہ گاہوں سے باہر نکل سکتے ہیں۔ اس دوران اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے دعوی کیا ہے کہ ایران کے خلاف آپریشن رائزنگ لائن میں اسرائیل نے اپنے تمام اہداف حاصل کر لیے ہیں، اور اس سے بھی زیادہ کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کی تصدیق کردی۔امریکی صدر نے دونوں فریقین سے جنگ بندی کی خلاف ورزی نہ کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ جنگ بندی کا آغاز ہوگیا ہے، برائے مہربانی جنگ بندی کی خلاف ورزی نہ کریں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوی کیا ہے کہ ایران اور اسرائیل نے جنگ بندی پر اتفاق کرلیا ہے۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ مزید جنگ نہیں ہوگی، ایرانی کمزور پڑ چکے ہیں۔قبل ازیں صدرٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام لوگوں کو مبارک ہو! اسرائیل اور ایران کے درمیان مکمل جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے ‘دریں اثناء جنگ بندی کے بعد وونوں ممالک کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی جس پر صدر ٹرمپ نے دونوں سے ناراضگی کا اظہار کیا‘انہوں نے کہا اسرائیل سے زیادہ ناخوش ہوں‘اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر نے تہران میں اسرائیل کے تازہ فوجی آپریشن کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں تہران کے قریب نئے حملے کی تصدیق کی گئی ہے۔بیان کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایران کے پہلے میزائل حملوں جنہیں اسرائیل نے جنگ بندی کی "خلاف ورزی" قرار دیا کے جواب میں "تہران کے قریب ایک ریڈار تنصیب کو تباہ کر دیا ہے"۔تاہم، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ گفتگو کے بعد نیتن یاہو نے "مزید حملوں سے گریز" کرنے کا فیصلہ کیا۔