جنرل عاصم منیر ملاقات میرے لیے اعزاز ٹرمپ
پاکستان اور بھارت ایٹمی قوتیں ہیں، پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات ہورہی ہے، دونوں ممالک کی قیادت بہت عظیم ہے،ڈونلڈ ٹرمپ،دونوں رہنمائوں کی مشرق وسطیٰ کی صورتحال ،ایران اسرائیل جنگ سے متعلق گفتگو
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔وائٹ ہاؤس میں فیلڈ مارشل کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے سید عاصم منیر کا آمد پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عاصم منیر سے ملاقات میرے لیے اعزاز ہے، شکریہ کہ وہ مزید جنگ کی طرف نہیں گئے ، میں نے جنگ بندی پر شکریہ کے لیے عاصم منیر کو مدعو کیا تھا۔ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی قوتیں ہیں، پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات ہورہی ہے، دونوں ممالک کی قیادت بہت عظیم ہے۔قبل ازیں فیلڈ مارشل امریکی صدر کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں شرکت کے لیے وائٹ ہاؤس پہنچے جہاں ظہرانے پر دونوں کی ملاقات ہوئی۔دونوں رہنمائوں کی مشرق وسطیٰ کی صورتحال ،ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تبادلہ خیال بھی کیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر کو کسی بھی بھارتی وفد سے پہلے وائٹ ہاؤس مدعوکیا گیا جو امریکی خارجہ پالیسی میں پاکستان کی اسٹریٹجک ترجیح کا واضح اشارہ ہے۔