صدر مسعود پیزیشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ تمام سفارتی فورز پر ایران کی حمایت جاری رکھیں گے شہبازشریف

پاکستان مشرق وسطیٰ میں تیزی سے ابھرتی ہوئی صورتحال پر مستقل طور پر نظر رکھے ہوئے ہے:شہبازشریف‘  جنگ کے دوران پاکستان کی مستقل اور اصولی حمایت پر شکریہ ادا  کرتے ہیں:ایرانی صدرکی گفتگو
سی پیک منصوبوں کے کا میاب نفاذ کیلئے چین کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کیلئے  پرعزم  ہیں،پاکستان مشرق وسطی میں قیامِ امن کیلئے  سفارت کاری اور مکالمے کو ترجیح دیتا رہا ہے:چینی‘سعودی اور قطری سفیروں سے گفتگو 
کرپشن اور بد عنوانی کا خاتمہ اولین ترجیحات میں شامل ہے ‘ زیر التوا مقدمات جلد از جلد نمٹائے جائیں: وزیراعظم کی چیئرمین نیب سے  ملاقات میں گفتگو‘ چیئرمین نے 2سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی

اسلام آباد(ایجنسیاں‘مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایرانی صدر سے مسعود پیزیشکیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور تمام فورمز پر ایران کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے جبکہ ایرانی صدر نے مستقل حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ مشرق وسطیٰ کی صورت حال اور جنگ بندی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے کہا  پاکستان مشرق وسطیٰ میں تیزی سے ابھرتی ہوئی صورتحال پر مستقل طور پر نظر رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے امن کی بحالی کی اہمیت پر زور دیا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور او آئی سی سمیت تمام سفارتی فورمز پر ایران کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے تمام فریقوں سے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کی پاسداری پر زور دیا۔ایرانی صدر پیزیشکیان نے حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی مستقل اور اصولی حمایت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور تنازع کے پرامن حل کو فروغ دینے میں پاکستان کے تعمیری کردار کا بھی اعتراف کیا۔دونوں رہنماؤں نے مشکل ترین وقت میں امت کے درمیان اتحاد کی اہمیت پر اور آپس میں رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔دریں اثنائوزیراعظم شہباز شریف سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے  ملاقات کی، شہباز شریف نے چینی صدر اور چینی وزیراعظم کے  لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔  وز یر اعظم ہائوس سے جاری بیان کے مطابق  ملاقات میں وزیر اعظم نے آئندہ ایس سی اوسربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا۔چینی سفیر سے گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ سی پیک منصوبوں کیکامیاب نفاذ کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں، وزیراعظم نے چین کی جانب سے مالی اور اقتصادی مدد کے لیے پاکستان کی جانب سے دل کی گہرائیوں سے چین کی تعریف کی‘وزیراعظم سے سعودی عرب کے سفیر نے ملاقات کی جس میں مشرقِ وسطی کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر گفتگو ہوئی‘وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا  پاکستان سعودی عرب سے مل کر خطے میں امن کے قیام کے لیے کام کرتا رہے گا۔ ملاقات میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، اور سعودی عرب کے ولی عہد اپنے عزیز بھائی شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمنائوں اور دعائوں کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے سعودی عرب کے برادر عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مل کر مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے خطے میں امن کے قیام کے لیے کام کرتا رہے گا۔وزیراعظم نے امیر قطر اور قطری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہم قطری بہن بھائیوں اور پورے خطے کی سلامتی اور تحفظ کے لیے دعا گو ہیں۔اس موقع پر شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان مشرق وسطی میں قیامِ امن کے لیے ہمیشہ سفارت کاری اور مکالمے کو ترجیح دیتا رہا ہے اور موجودہ کشیدہ حالات میں بھی یہی موقف اپنائے گا۔ علاوہ ازیںوزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین قومی احتساب بیورو لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ کی ملاقات ہوئی جس میں نیب کی دو سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی۔وزیراعظم نے ملک سے بد عنوانی کے خاتمے کے حوالے سے  قومی احتساب بیورو کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ ملک سے کرپشن اور بد عنوانی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ کرپشن سے پاک پاکستان کے ویژن کی تکمیل کے لیے نیب کو تمام ضروری سہولیات دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ نیب مالیاتی فراڈ کے متاثرین کی مدد کرنے اور ان کی رقوم کی جلد واپسی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے۔وزیراعظم نے نیب کے زیر التوا مقدمات کو جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت بھی کی۔چیئرمین نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ نیب نے گزشتہ دو سالوں میں اربوں روپے کی خرد برد کی گئی رقوم کی ریکوری کی، نیب نے سینکڑوں ایکڑ سرکاری اراضی غیر قانونی قبضے سے بازیاب کرائی جس کی مالیت اربوں روپے ہے۔وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ سال 2023-2024 کے دوران نیب نے 700 انکوائریاں مکمل کیں اور 218 تحقیقات مکمل کیں جبکہ 21 نئے ریفرنس دائر کیے۔