شہباز شریف سے فلسطین کے سفیر کی ملاقات کی‘ فلسطینی عوام کے حق خودارادیت، آزادی اور انصاف کے حصول کیلئے حمایت جاری رکھیں گے:وزیراعظم
بلوچستان میں روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں‘ برآمدات بڑھانے کیلئے پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز کو فعال کیا جائے گا:اجلاس میں گفتگو
اسلام آباد(بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں ) وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے سرحدی اضلاع کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم کی زیر صدارت وزارت تجارت کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسن افضل اور متعلقہ اداروں کے افسران شریک تھے۔وزیراعظم نے اپنی جاری کردہ ہدایات پر اکثر کی تعمیل کے لیے وزارت تجارت کی کارکردگی کو سراہا اور پاکستانی برآمدات بڑھانے کے لیے نیشنل ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ بورڈ کا اجلاس اگلے ہفتے بلانے کی ہدایت کی۔شہباز شریف نے کہا کہ داتو سری انور ابراہیم کے پاکستان کے حالیہ دورے میں پاکستان سے ملائیشیا چاول کی برآمدات بڑھانے پر اتفاق ہوا تھا، ملکی برآمدات بڑھانے کے لیے پاکستان میں موجودہ خصوصی اقتصادی زونز کو فعال کیا جائے گا اور ان میں ہوٹل، اسپتال، بزنس اسکول سمیت دیگر سروسز فراہم کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے گندم، کپاس، کماد، چاول، خوردنی تیل اور دیگر بڑی فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے لیے کابینہ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔کابینہ کمیٹی بڑی فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے لیے ماہرین کی آرا پر مبنی سفارشات پیش کرے گی‘دریں اثناء شہباز شریف سے پاکستان میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر ظہیر محمد حمد اللہ زید نے وزیر اعظم ہائوس میں ملاقات کی۔فلسطینی سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت، آزادی اور انصاف کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے فلسطینی سفیر کو یقین دلایا کہ پوری پاکستانی قوم بہادر فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی ہر ممکن حمایت جاری رکھے گی۔