وزیراعظم شہباز شریف اور قطر کے وزیراعظم کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال پر گفتگو‘ پاکستان اور قطر کا خطے میں پائیدار امن کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق

صرف پنجاب نہیں‘تمام صوبوں کی ترقی ضروری شہبازشریف
 ملک میں یکساں ترقی پر یقین رکھتے ہیں، تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ترقی ہی پاکستان کی مجموعی ترقی کی ضمانت ہے ‘ خطے میں امن  کیلئے  پاکستان کی خدمات سنہری حروف میں لکھی جائیں  گی
 گلگت بلتستان کیلئے  سولر بجلی ، سیف سٹیز، لیپ ٹاپ سکیم و یوتھ بزنس و ایگری لون سکیم کا افتتاح‘ ہونہار، قابل اور محنتی بچوں سے ملاقات کیلئے آیا ہوں، بچوں نے شبانہ روز محنت کرکے لیپ ٹاپ حاصل کئے:تقریب سے خطاب
گلگت (آن لائن‘آئی این پی)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے  اگر پنجاب ترقی کرے گا اور باقی صوبے ترقی نہیں کریں گے تو وہ صرف پنجاب کی ترقی ہے، پاکستان کی ترقی نہیں۔وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے لیے قابل تجدید توانائی (سولر بجلی)، سیف سٹیز، لیپ ٹاپ اسکیم و یوتھ بزنس و ایگری لون اسکیم کا افتتاح اور گلگت بلتستان میں 4 دانش اسکولز کا سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر پنجاب اور سندھ ترقی کرے گا اور بلوچستان اور کے پی ترقی نہیں کریں گے تو یہ صرف دو صوبوں کی ترقی ہے، پاکستان کی ترقی نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پاکستان کی ترقی کی اس دوڑ میں شامل نہیں ہوں گے اوربرابر کے نہ ہوں تو وہ پاکستان کی ترقی نہیں ہے۔ پنجاب میں بطور وزیر اعلی دانش اسکول کی بنیاد رکھی، گلگت بلتستسان میں 4 دانش اسکول قائم کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے خوبصورت ترین مقامات کا دورہ کرکے خوشی محسوس ہورہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہونہار، قابل اور محنتی بچوں سے ملاقات کیلئے آیا ہوں، بچوں نے شبانہ روز محنت کرکے لیپ ٹاپ حاصل کیے۔قبل ازیں وزیرِ اعظم کی گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور نگران وزیرِ اعلی گلگت بلتستان جسٹس (ر)یار محمد سے علیحدہ علیحدہ ملاقات ہوئی۔ملاقاتوں میں گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، صوبائی امن و امان کی صورتحال اور دیگر صوبائی امور پر گفتگو ہوئی‘دریں اثناء شہباز شریف اور  قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی کے درمیان  ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور امن و استحکام کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ  خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو خوشگوار اور گرمجوش ماحول میں ہوئی۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام امیرِ قطر کے جلد دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔قطر کے وزیراعظم نے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور یقین دلایا کہ قطر ان کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔