علاقائی امن کیلئے تمام سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے جام کمال خان

 وزیراعظم شہباز شریف خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کے حامی ہیں:قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت سے گفتگو
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے علاقائی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قطر کی قیادت اور عوام سے پاکستان کی یکجہتی کا پیغام دیا اور کہا ہے  وزیراعظم شہباز شریف خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کے حامی ہیں۔ کشیدگی میں کمی اور علاقائی امن کے لیے تمام سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے ۔  وفاقی وزیراور قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر احمد بن محمد السید کے درمیان ورچوئل ملاقات میں پاکستان اور قطر نے اقتصادی تعاون اور فوڈ سکیورٹی پارٹنرشپ کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔دونوں وزراء  نے کاروباری برادری کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے براہِ راست رابطوں کے ذریعے مشترکہ اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔ قطر نے پاکستان سے چاول اور دیگر غذائی مصنوعات کی درآمد بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ پاکستانی برآمد کنندگان کو قطری مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں