پاکستان کے فاسٹ بولر نسیم شاہ ایک بار پھر سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کا حصہ بن گئے ہیں۔ فرنچائز نے انہیں 2026 کیریبین پریمیئر لیگ (CPL) کے لیے اپنے اوورسیز اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔
23 سالہ نسیم شاہ تیسری مرتبہ پیٹریاٹس کی نمائندگی کریں گے۔ اس سے قبل وہ 2021 اور 2025 کے سیزنز میں بھی اسی فرنچائز کا حصہ رہ چکے ہیں۔نسیم شاہ نے پیٹریاٹس کی جانب سے 11 میچز میں 17 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ان کی اوسط 28 اور اکانومی ریٹ 8.04 رہا۔ پاکستان کے لیے وہ اب تک 37 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔پیٹریاٹس نے دیگر اوورسیز کھلاڑیوں میں سری لنکا کے داسن شناکا اور ونندو ہسارنگا، افغانستان کے وقار سلام خیل اور آسٹریلیا کے نکھل چودھری کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔سی پی ایل 2026 کا آغاز 7 اگست سے ہوگا، جبکہ سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس اپنی مہم کا آغاز 8 اگست کو دفاعی چیمپئن ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کے خلاف کرے گی۔