افغانستان نے نئی ٹی ٹوئنٹی افغانستان پریمیئر لیگ کا اعلان کر دیا، پہلا سیزن اکتوبر 2026 میں متوقع

افغانستان نے نئی ٹی ٹوئنٹی افغانستان پریمیئر لیگ کا اعلان کر دیا، پہلا سیزن اکتوبر 2026 میں متوقع

افغانستان نے اپنی نئی ٹی ٹوئنٹی لیگ افغانستان پریمیئر لیگ (APL) کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔

افغانستان کرکٹ بورڈ کے مطابق لیگ کے افتتاحی سیزن میں ملک کے پانچ مختلف شہروں پر مشتمل فرنچائزز حصہ لیں گی، جن میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی اور مقامی کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔افغانستان کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ افغانستان پریمیئر لیگ کا پہلا سیزن اکتوبر 2026 میں متحدہ عرب امارات میں کرانے کا منصوبہ ہے، جبکہ لیگ کے لیے پلیئر ڈرافٹ یا آکشن جون یا جولائی 2026 میں ہونے کا امکان ہے۔ لیگ کے انتظامات اور شیڈول کو حتمی شکل دینے پر کام جاری ہے۔افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین میر واعظ اشرف نے دبئی میں لیگ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کہا کہ افغانستان پریمیئر لیگ ان کے کرکٹ سفر کی ایک اہم پیش رفت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس لیگ سے افغان کھلاڑیوں کو نئے مواقع میسر آئیں گے اور افغانستان کرکٹ کو عالمی سطح پر مزید پہچان ملے گی۔

واضح رہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ نے اس سے قبل بھی 2018 میں افغانستان پریمیئر لیگ کے نام سے ایک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا تھا، تاہم مختلف وجوہات کی بنا پر اس کا صرف ایک ہی سیزن ہو سکا تھا۔ 2018 کے ایڈیشن میں شاہد آفریدی، کرس گیل اور برینڈن میک کولم سمیت کئی عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں نے شرکت کی تھی۔افغانستان کرکٹ بورڈ کو امید ہے کہ نئی افغانستان پریمیئر لیگ نہ صرف نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرے گی بلکہ افغانستان کرکٹ کو معاشی اور تکنیکی طور پر بھی مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔