بارشوں کے پیش نظر پنجاب بھر میں ہائی الرٹ، غفلت ہرگز برداشت نہیں ہوگی: مریم نواز

بارشوں کے پیش نظر پنجاب بھر میں ہائی الرٹ، غفلت ہرگز برداشت نہیں ہوگی: مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مون سون بارشوں کے تیسرے اسپیل کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے صوبے بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور فیلڈ افسران کو ہر ممکن پیشگی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام متعلقہ افسران اور عملہ مکمل طور پر الرٹ رہے، کسی قسم کی کوتاہی یا غیر ذمہ داری برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ پی ڈی ایم اے پنجاب کے الرٹس کے مطابق بروقت حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔مریم نواز نے واسا کو بارش کے پانی کی فوری نکاسی یقینی بنانے، آپریشنز کی مسلسل نگرانی اور مؤثر مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم، تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز، ریسکیو 1122، واسا اور دیگر متعلقہ ادارے اپنی مشینری اور عملے سمیت ہر وقت تیار رہیں۔وزیراعلیٰ نے نشیبی علاقوں سے پانی کی فوری نکاسی، چوکنگ پوائنٹس کی صفائی، برساتی نالوں اور ڈرینز کی مسلسل مانیٹرنگ، مین ہولز پر ڈھکن لگانے اور تعمیراتی مقامات پر حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے خستہ حال اور خطرناک عمارتوں پر خصوصی نظر رکھنے کا بھی حکم دیا۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ شہری علاقوں میں بارش کا پانی جمع نہ ہونے دیا جائے، اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ادارے مستعد رہیں۔

مریم نواز نے عوام سے بھی اپیل کی کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کمزور اور کچے مکانات میں رہائش سے گریز کریں اور خاص طور پر بچوں کو دریاؤں اور نہروں میں نہانے سے روکیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، بہاولپور اور رحیم یار خان میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق سرگودھا میں 105 ملی میٹر، حافظ آباد 77 ملی میٹر، اوکاڑہ 73 ملی میٹر، بہاولنگر 63 ملی میٹر اور ساہیوال میں 61 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ لاہور میں مجموعی طور پر 400 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے اور شہر میں مسلسل پانچویں روز بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔